کولکاتہ، 27/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کو زیر التواء فنڈ کے تعلق سے ۷؍ دن کا الٹی میٹم جاری کیا ہے۔بنرجی کے مطابق اگر مرکز نے 7 دن کے اندر مغربی بنگال کے زیر التواء فنڈز پاس نہیں کئے تو ٹی ایم سی بڑے پیمانے پر احتجاج کرے گی۔انہوں نے یہ بیان راج بھون میں یوم جمہوریہ کے جشن کے موقع پر دیا۔ بنرجی نے کہا کہ اگر حکومت نے فنڈز پاس نہیں کئے تو ہم بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔ممتا بنرجی نے اس ضمن میں 20؍ دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی تھی اور ان سے فنڈز کے تعلق سے بات چیت بھی کی تھی۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ پی ایم مودی نے کہا ہے کہ ریاستی اور مرکزی حکام ایک ساتھ بیٹھ کر اس معاملے کو حل کریں گے۔ اس ہفتے کے آغاز میں ریاستی حکومت کی ٹیم نے نئی دہلی میں مرکزی حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی۔ حکام کے مطابق انہوں نے ایک تفصیلی رپورٹ داخل کی تھی جس میں ۱۰۰؍ دن کی ورک اسکیم اور اس کے حل کیلئے کی جانے والی حکمت عملی میں ہونے والی بے ضابطگی کی جانب نشاندہی کی گئی تھی۔وفد نے وزرات دیہاتی فلاح و بہود کے سیکریٹری شائیلیش کمار سنگھ سے بھی ملاقات کی تھی۔
یاد رہے کہ نومبر میںبھی ٹی ایم سی نے ریاستی چیف کی قیادت میں ریاستی اسمبلی کے احاطے میں مودی حکومت کی جانب سے فنڈ نہ جاری کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔قبل ازیں پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے نئی دہلی کے راج گھٹ میں احتجاج کیا تھا اور مرکز سے فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔بی جے پی لیڈر راہل سنہا نے ممتا بنرجی پر تنقید بھی کی تھی۔